سکھر، کراچی ایکسپریس حادثہ ، پانچ افسران و اہلکارمعطل

353

سکھر (نمائندہ جسارت) کراچی ایکسپریس حادثہ، پاکستان ریلوے نے پانچ افسران و اہلکاروں کو ذمے دار قرار دیتے ہوئے معطل کردیا، معطل ہونے والوں میں ڈی این تھری سکھر اور ٹرین کا ڈرائیور اور اسسٹنٹ ڈرائیور بھی شامل، روہڑی کے قریب منڈو ڈیرو اور سانگی ریلوے اسٹیشنوں کے درمیان گزشتہ دنوں کراچی ایکسپریس کو پیش آنے والے حادثے جس میں اس کی 8 بوگیاں پٹڑی سے اترنے کے بعد الٹ گئی تھیں اور اس کے نتیجے میں خاتون جاں بحق اور تیس سے زائد مسافر زخمی ہوگئے تھے کی ابتدائی رپورٹ کے بعد کارروائی کرتے ہوئے غفلت کے مرتکب پاکستان ریلوے کے پانچ افسران و اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جن افسران اور اہلکاروں کو معطل کیا گیا ہے، ان میں ڈی ای این تھری سکھر مدثر شاہ آفریدی، اے ای این خیرپور پیرن دتہ، پی ڈبلیو آئی گھوٹکی امانت علی انجن ڈرائیور عبدالستار اور اسسٹنٹ انجن ڈرائیور امیر محمد جان شامل ہیں اور ان کی معطلی چیف ایگزیکٹو آفیسر و جنرل منیجر پاکستان ریلوے کی اجازت سے کی گئی ہے۔ واضح رہے کہ حادثے کی ابتدائی رپورٹ میں ڈرائیور کو ذمے دار قرار دیا گیا تھا اور ٹریک کی کمزوری کو حادثے کا سبب قرار دیا گیا تھا جس کے بعد پاکستان ریلوے نے ٹریک کے حوالے سے غفلت برتنے پر ڈی ای این، اے ای این اور پی ڈبلیو آئی جبکہ ٹرین حادثے پر ڈرائیور اور انجن ڈرائیور کو معطل کیا۔