اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ نواز شریف اگر ووٹ کی عزت پر یقین رکھتے تو پاکستان میں ہوتے، مریم نواز اور بلاول جمہوریت سے بہترین انتقام لے رہے ہیں۔ سینیٹر شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن اپنے برخوردار نور چشمی کو اپنی گدی کے لیے تیار کر رہے ہیں، وزیراعظم قوم کو لوٹنے اور موروثی سیاست کرنے والوں کے راستے کی سب سے بڑی دیوار بن گئے، موروثی سیاست کرنے والے اپنے بچوں کو قوم پر مسلط کرنے کے در پے ہیں، عوام ان کے نئے دھوکے میں نہیں آئیں گے۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ یہ چاہتے ہیں کہ لوٹ مار کا یہ کاروبار اسی طرح جاری رہے، قوم کو فیصلہ کرنا ہے کہ کرپشن کی اس فرنچائز کا خاتمہ کرنا ہے یا انہیں لوٹنے کا لائسنس دیے رکھنا ہے۔