اسلام آباد(آن لائن)تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی علی نواز اعوان نے پی ڈی ایم کے نومنتخب سینیٹرسید یوسف رضا گیلانی کی سینیٹ الیکشن میں کامیابی کا نوٹیفکیشن روکنے اور کامیابی کو غیر آئینی قرار دینے اور علی گیلانی کی نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔ایڈووکیٹ عامر عزیز انصاری کے ذریعے دائر درخواست میں یوسف رضا گیلانی کے علاوہ سید علی حیدر گیلانی اور الیکشن کمیشن کو فریق بناتے ہوئے کہاہے کہ سینیٹ انتخابات سے 2 روز قبل علی حیدر گیلانی کی وڈیو منظر عام پر آئی،علی حیدر گیلانی غیر قانونی طور پر ہارس ٹریڈنگ کرتے ہوئے پائے گئے،الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے ، شفاف الیکشن کرانا اسی کی آئینی ذمے داری ہے،علی حیدر گیلانی نے 2مارچ کو پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی ایم این اے سے ملاقات کا اعتراف کیا۔ درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن سے پوچھا جائے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی کس قانون کے تحت منظور کیے گئے،یوسف رضا گیلانی کا سینیٹ الیکشن لڑنا غیر قانونی اور غیر آئینی قرار دیا جائے،یوسف رضا گیلانی کے نوٹی فکیشن معطل یا جاری ہونے سے روکا جائے، یوسف رضا گیلانی اور علی حیدر گیلانی کیخلاف الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے ، علی گیلانی کو بطور رکن پنجاب اسمبلی نااہل قرار دیا جائے ۔