اپوزیشن گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کیلیے تعاون کرے، شیخ رشید

97

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے گلگت بلتستان اسمبلی کی طرف سے تاریخی قرارداد پاس کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سیاست کی تاریخ پر بھی اثرات مرتب ہوں گے، اپوزیشن جماعتیں گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دینے کیلیے حکومت کے ساتھ تعاون کریں۔ منگل کو نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت اس ایشو پر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے کی کوشش کرے گی تاہم پاکستان اپنے مفادات کو ترجیح دے گا، اس حوالے سے پاکستان کو آسانی سے چین کی حمایت حاصل ہو جائے گی اور ہمیں مل کر متفقہ طور پر بھارت کی سازشوں کو شکست دینا ہو گی۔ شیخ رشید نے تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت پر زور دیا کہ وہ اس اقدام کو سپورٹ کریں اور آگے بڑھیں تاکہ ملک کے وسیع تر مفاد میں تاریخی مثال قائم کی جا سکے۔