خواتین کو بااختیار بنانا پیپلزپارٹی کا منشور ہے، بلاول

150

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانا پیپلز پارٹی کا منشور ہے‘شہید بینظیر زرداری کا خواب یہ تھا کہ زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کو یکساںحقوق حاصل ہوں‘ اس خواب کو حقیقت بنانے کے لیے پارٹی کا ہر جیالا سرگرمِ عمل ہے۔ خواتین کے عالمی دن پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں سیاسی، معاشی اور معاشرتی سطح پر بڑی بڑی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں‘جو ثابت کرتی ہیں کہ یہ صدی خواتین کی پیش قدمی کی صدی ثابت ہوگی‘ اب جو قوم خواتین کو برابری نہیں دے گی وہ دیگر اقوام کے شانہ بشانہ کھڑا نہیں ہو سکے گی‘ سندھ حکومت نے خواتین کو خودمختار بنانے کے لیے ٹھوس اقدام کیے ہیں‘ سندھ میں خواتین کو کاروبار کے لیے بلاسود آسان قرض کا پروگرام شروع کیا گیا۔یوسی سطح پر متعارف کردہ اس پروگرام کے نتیجے میں سندھ کی 6 لاکھ سے زاید خواتین اور ان کے خاندان مستفید ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ بے زمین کاشتکار خواتین کو زمینوں کے مالکانہ حقوق دینے جیسے اقدام کے دور رس نتائج نکل رہے ہیں‘ سندھ میں قائم پی پی پی حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے قابلِ تحسین قانون سازی کی ہے۔