ڈی سی سکھر کا سول اسپتال کا دورہ، ترقیاتی کام تیز کرنے کی ہدایات

151

سکھر( نمائندہ جسارت)ڈپٹی کمشنر سکھر کا سول اسپتال کا دورہ، ترقیاتی کام تیز کرنے اور معیاری مٹیریل استعمال کرنے کی ہدایات، ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور نے سول اسپتال سکھر کا دورہ کرکے مختلف وارڈز میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایم ایس غلام محمد مہر میڈیکل کالج اسپتال سکھر ڈاکٹر تسلیم اختر خمیسانی نے ڈی سی سکھر کو تعمیراتی و ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور نے سول اسپتال سکھر کے مختلف وارڈز میں جاری ترقیاتی کاموں میں استعمال ہونے والے مٹیریل کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار بھی چیک کی۔ ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور نے ایم ایس سول اسپتال سکھر و دیگر متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کہ سول اسپتال میں جاری ترقیاتی کام کو مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے اور مٹیریل کے معیاری ہونے کو یقینی بنایا جائے۔ اس سلسلے میں کوئی سمجھوتا برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ایم ایس سے کہا کہ ترقیاتی کام کی مانیٹرنگ بہتر بنائی جائے اور وہ کام کو مقررہ وقت پر پایہ تکمیل پہنچانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔