اسلام آباد(آن لائن)وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی بجائے ہمیں ” اعتماد کے الیکشن“ کی جانب دیکھناچاہیے ، عمران خان نئی سیاسی زندگی کا آغاز کرنے جارہے ہیں اگر خدانخواستہ کوئی اپ ڈاﺅن ہوگیا تو پھر اپوزیشن کے لیے بھی کچھ نہیں بچے گا ۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ سینیٹ الیکشن کے دوران 16نہیں زیادہ بندے ادھر ادھر ہوگئے تھے تاہم وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بندے پورے تھے۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہاکہ سینیٹ الیکشن میں بیلٹ پیپرز پر ٹک کا مسئلہ ہوتا ہے مگر اعتماد کے ووٹ کے دوران کسی ”ٹک ٹاک“ کا مسئلہ نہیں ہوگا سب لوگ ہاتھ کھڑے گئے ہیں اور عمران خان اعتماد کا ووٹ لینے میں کامیاب ہو جائیں گے۔