عمران خان کی حکومت کواب کوئی نہیں بچا سکتا‘ بلاول

292

اسلام آباد(ا ٓن لائن) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت کو اب کوئی نہیں بچا سکتا،اب ہم بتائیں گے عدم اعتماد کب اور کہاں ہوگا۔گزشتہ روزاسلام آباد میں پارٹی رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ مجھے ایک ایک ووٹ اور ایم این اے کا پتا ہے جو بیٹھے عمران خان کے ساتھ اور دل ہمارے ساتھ ہیں، مجھے پتا ہے کس نے بغض حفیظ شیخ اور بغض عمران خان میں ووٹ دیا، عمران خان کی طرف سے اعتماد کا ووٹ بھی ایک ڈراما ہے، سینیٹ الیکشن میں ملنے والی حمایت سے زیادہ ارکان ہمارا ساتھ دیں گے،عدم اعتماد کے لیے کون سی حکمت عملی اپنانی ہے پی ڈی ایم فیصلہ کرے گی ۔ بلاول نے کہا کہ گزشتہ روز پورے پاکستان میں یوسف رضا گیلانی کی جیت کا جشن منایا گیا جبکہ وزرا ڈراما کرنے کی کوشش کرتے رہے،ہم نے عمران خان کے چیلنج کو تسلیم کیا، عمران خان نے کہا تھا کہ اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست ہار گئے تو اسمبلیاں تحلیل کردوں گا تاہم عمران خان ڈرتے ہیں اور خائف ہیں جب کہ ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینا ایک تماشہ ہے۔بلاول نے کہا کہ بہت دیر ہوگئی اس حکومت کو اب کوئی نہیں بچا سکتا، ہم نے ثابت کر دیا آپ کے ارکان کا آپ پر اعتماد نہیں تاہم ہم آپ کو بتائیں گے عدم اعتماد کب اور کہاں ہوگا۔بلاول نے کہا کہ ہم آپ کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے، سب جماعتوں سے آج سے رابطوں کا آغاز کیا جائے گا جب کہ یوسف رضا گیلانی ہمارے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار ہوں گے جب کہ پی ڈی ایم اتفاق رائے سے فیصلے کرتی ہے اور مستقبل میں بھی فیصلہ اتفاق رائے سے ہوگا ، پی ڈی ایم اب سنجیدگی کے ساتھ فیصلے کرے گی ،پہلے پنجاب کو بچائیں گے، ہرفورم پر حکومت کامقابلہ کریں گے، اب آ پ کو نہیں چھوڑیں گے ،ہم اب آپ کو این آر او نہیں دیں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہم نے دنیا کو سینیٹ الیکشن میں بتا دیا کہ آپ مسترد ہوچکے ہیں۔