عدالت عالیہ کا لاپتا افراد کو فوری بازیاب کرنے کا حکم

129

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے لاپتا افرادکی بازیابی سے متعلق دائر درخواستوں پر محکمہ داخلہ سندھ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر حکام سے پیش رفت رپورٹس طلب کرلیں۔ فاضل عدالت نے لاپتا ہونے والے2 مزید شہری گھر واپس پہنچنے پر 2درخواستیں نمٹا دیں۔جمعرات کو جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کی سربراہی میں جسٹس عبدالمبین لاکھو پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے لاپتا افراد کی بازیابی سے متعلق اہل خانہ کی جانب سے دائردرخواستوں کی سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو آگا ہ کیا کہ شہری مقبول احمد اور توفیق احمد کئی ماہ سے لاپتا تھے، عدالت عالیہ میں درخواست دائر ہونے پر دونوں بازیاب کرا لیے گئے،شہری مقبول احمد کو ایس ایچ او سچل نے اغوا کرایا تھا، ایس ایچ او سچل کے خلاف کارروائی کا حکم دیا جائے۔ جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو کا کہنا تھا کہ ایس ایچ او کے خلاف کارروائی کے لیے متعلقہ اتھارٹی سے رجوع کیاجائے۔ بعد ازاں عدالت نے لاپتا ہونے والے شہری گھر واپس پہنچنے پر2درخواستیں نمٹا دیں۔ فاضل عدالت نے دیگر لاپتا شہریوں کو فوری بازیاب کرانے کا حکم دے دیا۔عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ، پولیس اور قانون نافظ کرنے والے دیگر حکام سے پیش رفت رپورٹس طلب کرلیں۔