چیئرمین سینیٹ: صادق سنجرانی حکومتی اور یوسف رضا اپوزیشن کے امیدوار

374

اسلام آباد: سینیٹ کا انتخابی عمل مکمل ہونے کے بعد اب تمام نظریں ایوان بالا (سینیٹ) کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے اہم دفاتر کے لیے ہونے والے انتخابات پر مرکوز ہیں جبکہ وزیرِ اعظم عمران خان قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کے معاملے پر آج شام قوم سے خطاب کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق  وزیراعظم عمران خان نے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کیلیے نامزد کردیا ہے   اور اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے بھی صادق سنجرانی کی بطورچیئرمین سینیٹ امیدوار کی حمایت کردی ہے جبکہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سمیت کئی رہنما یہ اشارہ دے چکے ہیں کہ سید یوسف رضا گیلانی چیئرمین سینٹ کےلیے پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وزیراعظم عمران خان کی جانب سے صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ نامزد کرنے کی تصدیق کردی ہے  جبکہ  چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی کی ملاقات ہوئی تھی ، جس میں اسپیکرقومی اسمبلی نے صادق سنجرانی کی بطورچیئرمین سینیٹ امیدوار کی حمایت کی ہے۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی نومنتخب یوسف رضاگیلانی کوچیئرمین سینیٹ بنانے کیلیے کوشاں ہیں جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری نے گزشتہ روز کہا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کوچیئرمین سینیٹ کا امیدوار بنانے کافیصلہ پی ڈی ایم کرے گی۔

خیال رہے سینیٹ انتخابات میں اپ سیٹ کے بعد اپوزیشن جماعتیں ایوان بالا میں اپنی اکثریت برقرار رکھنے میں کامیاب ہوگئی ہیں جبکہ اب وہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے اعلیٰ عہدے حاصل کرنے کے لیے پر امید ہیں جس پر 12 مارچ کو خفیہ رائے دہی کے ذریعے انتخابات ہوں گے۔

واضح رہے سینیٹ کی 48 نشست پر ہونے والے انتخابات کے بعد توقع کے مطابق ایک معلق سینیٹ سامنے آئی ہے جہاں 100 اراکین پر مشتمل نئے سینیٹ میں اپوزیشن کے 53 اور حکمران اتحاد کے 47 اراکین ہوگئے ہیں۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 18 ، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے 8 ، مسلم لیگ (ن) نے 5 ، بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) نے 6 ، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے 2 ، جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے 3 ، عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے 2 ، بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل نے 2 اور آزاد امیدوار نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی۔