یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈایٹر ز کو 6وکٹو ں سے شکست دے دی

504

کراچی (سید وزیر علی قادری) فہیم اشرف کے 3 شکار اور پال اسٹرلنگ کی برق رفتار 56 رنز کی اننگز کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے 157 رنز کا ہدف 18 گیندیں قبل حاصل کرکے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 6 وکٹوں سے ہرادیا۔

  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز ہی بناسکی تھی۔ فاتح ٹیم کے اوپنرز پال اسٹرلنگ اور ایلکس ہیلز نے اننگز کا آغاز ہی جارحانہ انداز میں کیا اور پاور پلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے باؤلرز کی خوب دھنائی کی۔

 دونوں اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 76 رنز کی زبردست اوپننگ شراکت قائم  کی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی پہلی وکٹ اس وقت گری جب اسپنر زاہد محمود نے ایلکس ہیلز کو کلین بولڈ کردیا۔

انہوں نے 13 گیندوں پر 4 چوکوں پر مشتمل 23 رنز کی اننگز کھیلی۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین پال اسٹرلنگ تھے، انہیں بھی زاہد محمود نے کلین بولڈ کیا۔ وہ 33 گیندوں پر 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ 93کے مجموعی اسکور پر دونوں اوپنرز کے پویلین واپس لوٹنے وکٹ کیپر بیٹسمین روحیل نذیرنے کپتان شاداب خان کے ہمراہ 37 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کو فتح کے مزید قریب پہنچا دیا۔

 روحیل نذیر 34 اور کپتان شاداب خان 21 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ جس کے بعد آصف  علی نے 1 چھکا اور 2 چوکے لگا کر میچ ختم کردیا۔ وہ 16 رنز بناکرکریز موجود رہے۔حسین طلعت 1 رن بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے 157 رنز کا ہدف 17 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے زاہد محمودنے 2جبکہ ڈیل اسٹین اور محمد حسنین نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل  شاداب خان کی دعوت پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اپنی بیٹنگ کا آغاز کیا تو فہیم اشرف اور حسن علی کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  کی آدھی ٹیم محض 71 کے مجموعی اسکور پر پویلین واپس لوٹ گئی۔ اوپنرز صائم ایوب اور کیمرون ڈیلپورٹ بالترتیب 5 اور 1 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہوئے،فاف ڈوپلیسی 17، اعظم خان 4 اور بین کٹنگ 23 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ ایسے میں ایک اینڈ سنبھالنے والے کپتان سرفراز احمد کا ساتھ دینے کے لیے محمدنواز میدان میں آئے۔

 انہوں نے کپتان کے ہمراہ چھٹی وکٹ کے لیے 63 رنز کی اہم شراکت قائم کرکے ٹیم کا مجموعہ 150 سے زائد پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔  اس دوران کپتان سرفراز احمدنے  نہ صرف کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو سہارا دیا بلکہ  جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے  اسپنر افتخار احمد کو ایک اوور میں چھ گیندوں پر چار چھکے جڑکر خوب داد بھی وصول کی۔  انہوں نے 31 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔یہ ایونٹ میں ان کی مسلسل دوسری نصف سنچری ہے۔

انہیں  فہیم اشرف نے 54 کے انفرادی اسکور پر پویلین واپس پہنچایا۔محمد نواز 31 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مقررہ 20 اوور میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے آلراؤنڈر فہیم اشرف نے صرف 11 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ  کیا،حسن علی نے 23 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔کپتان شاداب خان نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔ اسلام آبد یونائیٹڈ کے آلراؤنڈر فہیم اشرف کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔