حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہاکہ سپریم کورٹ کی رائے سے آئین کی جیت اور”غیرجمہوری خواہشوں “کی شکست ہوئی ہے ۔سلیکشن کے خواہشمند سلیکٹڈ کو الیکشن سے بھاگنے کا کوئی راستہ نہیں ملا، عمران خان اپنی شکست دیکھ کر سلیکشن کےلیے سپریم کورٹ کا کاندھا استعمال کرنا چاہتے تھے،سپریم کورٹ نے آئین کے مطابق رائے
دے کر جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کے آگے بند باندھ دیا۔حکمران جتنے مرضی ڈھول بجائیں مگر شکست ان کے نصیب میں لکھی جا چکی ہے، الیکشن کے میدان میں حکومت کو شکست دینے کی پالیسی نے حکومت کی جڑیں کھوکھلی کر دی ہیں۔چیئرمن بلاول زردرای اور صدر آصف زرداری کے مدبرانہ فیصلوں نے حکومت کو بے نقاب کر کے رکھ دیا ہے، 3 مارچ حکومت کی شکست اور پی ڈی ایم کی جیت کا دن ہے، یوسف رضا گیلانی کی فتح ہوگی،ضمنی انتخابات میں حکومت عوامی مقبولیت سے محروم ہوئی اور 3 مارچ کو ایوانوں کا اعتماد بھی کھو دے گی،عمران خان کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ ملک جمہوری قوتوں کے حوالے کرے اور باعزت طریقے سے گھر جائیں۔