حمزہ شہباز کی رہائی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں،شاہد خاقان

116

شکرگڑھ(صباح نیوز)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کی رہائی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں، ہماری جنگ اقتدار کی نہیں نظام کی درستگی کی ہے۔ شکر گڑھ میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے مسلم لیگ (ن)کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حمزہ شہباز کی رہائی کسی ڈیل کا نتیجہ نہیں، ہماری جنگ اقتدار کی نہیں نظام کی درستگی کی ہے، احتساب کے نام پر انتقام نظام کی ناکامی ہے، ڈسکہ انتخاب پر الیکشن کمیشن نے درست فیصلہ کیا۔شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ ماضی میں اسٹیبلشمنٹ کا رول سب کے سامنے ہے، یوسف گیلانی نے کہا اب تک اسٹیبلشمنٹ کا کردار نظر نہیں آیا، سینیٹ الیکشن میں کیا ہوتا ہے سب دیکھ لیں گے، اللہ کرے اسٹیبلشمنٹ کا رول ملکی سیاست سے ختم ہونے کی بات درست ہو، یوسف رضا گیلانی بھاری اکثریت سے سینیٹر منتخب ہو جائیں گے۔اس موقع پر احسن اقبال نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ ایٹمی ملک کے عوام کو عمران خان نیازی نے 2 وقت کی روٹی سے محروم کر دیا، ایٹمی طاقت کا سب سے بڑا مسئلہ غربت اور بے روزگاری ہے، یہ پاکستان کی بدنامی اور بے عزتی ہے جو حالات حکومت نے پیدا کر دیے ہیں۔انہوںنے کہا کہ پاکستان کی معیشت درست راہ پر گامزن تھی، سی پیک بن رہا تھا، لیکن یکدم ترقی کرتے ملک کو غربت و بے روز گاری کے حالات سے دوچار کر دیا گیا، وقت آگیا کہ پاکستان کو نئی بنیاد پر کھڑا کیا جائے، تمام ادارے اپنے دائرے میں رہ کر اپنا اپنا کام کریں، بیورو کریٹ ملک کو اچھی طرح چلائیں تو ملک جنت بن سکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی صفوں میں سودے بازی اور پیسوں کی گھن گرج ہے، بلوچستان میں 70 کروڑ روپے میں سینیٹ کا ٹکٹ بیچا گیا، پی ٹی آئی کے لوگ چیخ رہے ہیں کہ ٹکٹ بیچے گئے، ثابت ہو گیا پی ٹی آئی کرپشن اور مافیاز کی جماعت ہے، پی ڈی ایم کی جاری کردہ سینیٹ ٹکٹوں پر کوئی اعتراض نہیں ہوا۔