ملتان (آئی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بیرونی قوتیں ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کررہی ہیں،یہ قوتیں ملک کو انتہا پسندی کی طرف لے جانا چاہتی ہیں اور پاکستان کے اتحاد، امن کو پارہ پارہ کرنا چاہتی ہیں ہمیں ایسی قوتیں سے بچنا ہوگا اور ان کا راستہ روکنا ہوگا، اتوار کو اپنے آبائی حلقے ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم
پاکستان اسلامی دنیا کے عظیم لیڈر کے طور پرسامنے آرہے ہیں، 74سال میں پہلی بار کسی سربراہ مملکت نے عالمی ایوانوں میں اسلام پر بات کی، ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں پر ہم نے آواز بلند کی، پہلی بار کسی سربراہ مملکت نے عالمی ایوانوں میں اسلام پر بات کی،اسلامو فوبیا رجحانات کے خلاف آواز بلند کی، وزیراعظم عمران خان ہر عالمی فورم پر دین کی خدمت کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کرپشن کے خاتمے، نظام کی شفافیت اور تبدیلی کے لیے پرعزم ہیں، حکومت سینیٹ میں اوپن بیلٹ کرکے شفاف نظام کی بنیاد رکھنا چاہتی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت پاکستان کو فٹیف میں بلیک لسٹ کرنے کی کوششوں میں ناکام رہا، ایف اے ٹی ایف میں پاکستان کے کیے جانے والے اقدامات کو سراہا گیا، ان شا اللہ پاکستان جلد گرے لسٹ سے بھی نکل جائے گا۔