راولپنڈی (اے پی پی )پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے عراق کے وزیر دفاع جمعہ اناد سادون خطاب نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کے امور زیر غور آئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق ملاقات کے دوران پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان عراق کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے اور عراق کی دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کا اعتراف کرتا ہے۔ انہوں نے دفاعی شعبے کی ترقی میں ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی۔ دونوں شخصیات نے خطے میں سلامتی اور استحکام کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے اپنے عزم کی اعادہ کیا۔ معزز مہمان نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی مستقل کوششوں کو بھی سراہا۔