لاڑکانہ، نوجوان کو بے دردی سے قتل کرکے لاش باغات میں پھینک دی

138

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) نوڈیرو تھانے کی حدود میں مبینہ اغوا کے بعد مسلح افراد نے 25 سالہ نوجوان کو بے دردی سے قتل کرکے لاش باغات میں پھینک دی۔ اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر لاش تحویل لی، جس کی شناخت گاؤں ڈاتر ڈنو آگانی کے رہائشی عبدالغفور آگانی کے نام سے ہوئی۔ لاش کا پوسٹ مارٹم نہ ہونے کیخلاف ورثاء نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر مقتول نوجوان کے والد خان آگانی نے بتایا کہ پرانی دشمنی پر مسلح افراد نے رات کے وقت اغوا کرکے صبح کے وقت اسے تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گولیاں مارکر بے دردی سے قتل کرنے کے بعد فرار ہوگئے اور لاش کو نواحی گاؤں کے قریب پھینک دیا گیا، انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہم دو گھنٹوں سے مسلسل پوسٹ مارٹم کے لیے لاش ایمبولینس میں رکھ کر کھڑے ہیں لیکن ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث پوسٹ مارٹم نہ ہوسکا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ لاش کا پوسٹ مارٹم کرکے واقعے میں ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔ دوسری جانب چار گھنٹوں کے بعد پوسٹ مارٹم کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی گئی جبکہ لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ دوسری جانب آخری اطلاع موصول ہونے تک واقعے کا مقدمہ درج نہ ہوسکا اور نہ کوئی گرفتاری عمل میں آسکی۔