منی لانڈرنگ واثاثہ جات کیس‘ حمزہ شہباز کی ضمانت منظور‘ رہائی کاحکم

371

لاہور (نمائندہ جسارت) منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے حمزہ شہباز کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے 2رکنی بینچ نے حمزہ شہباز کی ضمانت سے متعلق درخواست کی سماعت کی ۔ عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سناتے ہوئے ضمانت منظور کی جبکہ کیس میں حمزہ شہباز کے شریک ملزمان فضل داد عباسی اور شعیب قمر کی ضمانت کی درخواستیں بھی منظور کر کے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا۔ حمزہ شہباز کو ایک ایک کروڑ کے 2 ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔گزشتہ روز حمزہ شہباز کے وکلا نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ حمزہ کی گرفتاری کے 17 ماہ بعد فرد جرم عاید کی گئی، عدالت عظمیٰ میں 10 ماہ تک ضمانت کی درخواست زیر التوا رہی،عدالت عظمیٰ نے نیب کے پرانے ترین کیسز کو ترجیحی بنیادوں پر سننے کا حکم دیا۔ عدالت عظمیٰ 20 ماہ کی تاخیر کرنے پر نیب کے کیسز میں ملزموں کو ریلیف دے چکی ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے اپنے دلائل میں کہا تھا کہ نیب کو اگر 6 ماہ کا وقت دیا جائے تو کیس کا ٹرائل مکمل ہو جائے گا، انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ کے ٹھوس شواہد موجود ہیں ان کی ضمانت منظور نہ کی جائے ۔لاہور میں 5 نئی عدالتیں آ رہی ہیں تو یہ سنیارٹی والا معاملہ ہی حل ہو جائے گا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمان کی ضمانت منظور کر لی ۔واضح رہے کہ نیب حمزہ شہباز کے خلاف منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق تحقیقات کر رہا ہے۔