سینیٹ الیکشن کے بعد وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد آسکتی ہے‘ بلاول

290

لاہور(نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے بعد وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر بات ہو سکتی ہے۔بلاول زرداری نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم نے حکومت کیخلاف جنگ جیت لی ہے، کوئی بھی الیکشن ہو حکومت کو ٹف ٹائم دیں گے، پی ڈی ایم نے حکومت کو پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے، ڈسکہ ضمنی الیکشن میں ثابت ہو گیا عوام پی ڈی ایم کے ساتھ ہے، حکومت برے طریقے سے ہاری ہے۔بلاول نے کہا کہ پی ڈی ایم نے فیصلہ کیا تھا مل کر مقابلہ کریں گے، اسی لیے یوسف رضا گیلانی کو مشترکہ امیدوار بنایا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں بظاہر لگ رہا ہے کہ ادارے نیوٹرل کردار ادا کررہے ہیں۔بلاول زرداری کا کہنا تھا کہ تعداد میں کمی کے باوجود حکومت کو ٹف ٹائم دے رہے ہیں اور سب سے کہہ رہے ہیں ’گرتی دیوار کو ایک دھکا اور دو‘۔سینیٹ انتخابات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں بظاہر لگ رہا ہے کہ ادارے نیوٹرل کردار ادا کررہے ہیں جبکہ اداروں کے نیوٹرل کردار کو ویلکم کرنا چاہیے، پی ٹی آئی کو کوئی غیر جمہوری مدد نہیں ملے گی۔بلاول کا کہنا تھاکہ شارٹ ٹرم ہدف حکومت کا خاتمہ اور لانگ ٹرم ہدف جمہوریت کی بالادستی ہے۔حکومت سے بات چیت کا اشارہ دیتے ہوئے پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے بعد انتخابی اصلاحات پر بات کی جاسکتی ہے۔ ضمنی انتخابات کے حوالے انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے ایک فیصلہ کیا تھا کہ ہم مل کر تمام ضمنی اور سینیٹ انتخابات لڑیں گے، جس کے نتیجے میں پی ڈی ایم نے حکومت کو ملک کے ہر کونے میں ہونے والے انتخابات عبرتناک شکست دی ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام ہمارے ساتھ ہے۔