لاہور( نمائندہ جسارت) سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان قیصر شریف نے کہاہے کہ مہنگائی اور بے روزگاری اور سودی معیشت کے خلاف کل 26 فروری کو بہاولپور میں بھر پور عوامی جلسہ ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق جلسہ عام سے کلیدی خطاب اور قبل ازیں مہنگائی کے خلا ف مارچ کی قیادت کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف جاری تحریک کے تحت مختلف شہروں میں کامیاب جلسے منعقد ہو چکے ہیں ۔حکومت کو مجبور کریں گے کہ وہ عوام کو ریلیف دے یا گھر جائے ۔ انہوں نے کہاکہ سینیٹرسراج الحق جنوبی پنجاب کے 2 روزہ دورے کے دوران بہاولپور میں جلسے سے خطاب کے بعد ملتان میں بھی عوامی وفود و پارٹی کارکنان سے ملاقات کریں گے اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق مشاورت کی جائے گی ۔