کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 6 کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو جیت کے لیے 197 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے جارہے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو کراچی کی جانب سے اننگز کا آغاز شرجیل خان اور بابر اعظم نے کیا۔ دونوں اوپنرز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، اور اسلام آباد کے بولرز کی خوب درگت بنائی۔
دونوں کے درمیان پی ایس ایل کی ریکارڈ 176 رنز کی اوپننگ شرکت ہوئی جس کے بعد بابر اعظم 62 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلی ہی گیند پر شرجیل خان بھی 106 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔ اس کے بعد ڈینیئل کرسچئن 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ محمد نبی 7 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
شرجیل خان نے رواں سیزن کی پہلی سنچری اسکور کی، جبکہ انہوں نے اپنے پی ایس ایل کیریئر کی دوسری سنچری اسکور کی، شرجیل خان نے 55 گیندوں پر8 چھکے اور 9 چوکوں کی مدد سے سنچری بنائی۔ جس کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں کراچی کنگز کی ٹیم 3 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔