گستاخانہ مواد کیس: سزائے موت کے مجرموں کا چیف جسٹس پر عدم اعتماد

146

اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل ڈویژن بینچ نے سوشل میڈیا پر گستاخانہ مواد تشہیرکیس میں مجرموں کی طرف سے سزائے موت کے خلاف اپیلوں میںبینچ تبدیلی کی درخواست پر اعتراضات ختم کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو درخواست سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔ حافظ احتشام کی درخواست پرسماعت کے دوران طارق اسد ایڈووکیٹ عدالت میںپیش ہوئے‘ چیف جسٹس نے درخواست گزار وکیل سے کہا کہ اس طرح کے مقدمات میں ججوں پر عدم اعتماد کامطلب جج کے ایمان پر شک کرنا ہے، اگر آپ کے مؤکل کو میرے ایمان پر شک ہے تو واضح کریں، ہم بھی مسلمان ہیں، ہمارے متعلق اس طرح کے مقدمات میں شک وشبہ نہیں ہونا چاہیے۔ درخواست گزار نے کہا کہ مجھے یا میرے مؤکل کو کسی کے ایمان پر شک نہیں ہے، اس کیس میں آپ پر اعتراض کی وجوہات آپ کو چیمبر میں دی گئی درخواست میں درج ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ آپ ایک دفعہ پھر اپنے مؤکل سے ہدایات لے لیںاور آئندہ سماعت پراپنا موقف پیش کریں۔