کراچی (عارف میمن) کلفٹن اسپورٹس کمپلیکس کے سبزہ زار پر صدر اورلیاری کے یونین کونسل پولیو آفیسر کے درمیان کھیلا گیا دوستانہ کرکٹ میچ صدر کی ٹیم نے جیت لیا۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سائوتھ کے تعاون سے کلفٹن اسپورٹس کمپلیکس میں صدر یونین کونسل پولیو آفیسر اورلیاری یونین کونسل پولیو آفیسر کے درمیان ایک دوستانہ میچ کا انعقاد کیاگیا۔ صدر ٹیم کے کیپٹن ٹائون کمیونیکیشن آفیسر دانش خواجہ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ لیاری ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 10اوورز میں 78رنز بنائے ، بلے باز عثمان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار اننگز کھیلی۔ جواب میں صدر ٹیم نے ہدف مقرررہ اوورز سے قبل ہی حاصل کرکے دوستانہ میچ کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی اے ڈی سی سائوتھ جنید اقبال خان نے پولیو آفیسرز سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے پولیو کے خاتمے تک اپنی جدوجہد جاری رکھنی ہے ، پولیو ایک لاعلاج مرض ہے اس سلسلے میں آپ لوگوں کا کرداراہم ہے ، انہوںنے کہاکہ ورکرز ہمارے ہیروز ہیں جن کی بدولت ہم یہ جنگ جیت جائیں گے۔ آخر میں مہمان خصوصی نے ونر ٹیم کے کپتان دانش خواجہ اوررنراپ ٹیم کے کپتان ٹائون کمیونیکیشن آفیسر محمد حفیظ کو ٹرافیاںدیں ۔ جب کہ مین آف دی میچ کا ایوارڈ لیاری ٹیم کے عثمان کو دیاگیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ سائوتھ کے پولیو افسران ڈی ایچ او ایف پی ڈاکٹر عدنان، ڈی ای او سی سائوتھ کور ٹیم، ایریا کوآرڈینیٹر ڈاکٹر آسما، ثاقب قاضی ،یوسی پی او ،یوسی او او، یوسی سی او،یوسی ایم او،اے ایل ایس ایم بھی موجود تھے ۔