کراچی: پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے چوتھے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 179 رنز کا ہدف دیا ہے۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں لاہور قلندرز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا تو کوئٹہ کی جانب سے اننگز کا آغاز اچھا نہ رہا اور دونوں اوپنرز ٹام بنٹن اور صائم ایوب خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف 12 کے مجموعی اسکور پر دونوں پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے کرس گیل اور سرفراز احمد نے ٹیم کو سنبھالا۔
دونوں کے درمیان 101 رنز کی شراکت بنی، اس موقع پر سرفراز 40 رنز بناکر حارث رؤف کی گیند پر آؤٹ ہوگئے جب کہ اگلے ہی اوور میں راشد خان نے کرس گیل کو 68 کے اسکور پر بولڈ کردیا جس کے بعد اعظم خان آئے جنہوں نے صرف 19 رنز بنائے، چھٹے نمبر پر آنے والے محمد نواز نے جارحانہ اننگز کا مظاہرہ کیا اور صرف 20 گیندوں پر 33 رنز بنائے جس کی بدولت کوئٹہ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 178 رنز بناسکی۔
لاہور کی جانب سے حارث روؤف نے تین، شاہین آفریدی، احمد دانیال اور راشد خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔