بلاول کی پھپھو نے صحت کا نظام تباہ کردیا، خرم شیر زمان

162

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول کی پھپھو نے صحت کے نظام کو تباہ کر دیا، جبکہ سندھ حکومت نے سندھ کا ہر شعبہ تباہ کردیا۔ انہیں تکلیف ہے کہ ہم ان کی کرپشن اور نیب کیسز پر آواز اٹھا رہے ہیں۔ مراد علی شاہ کو وارننگ دیتے ہیں کہ انتقامی کارروائیاں بند کریں، ہم نہیں چاہتے کہ شہر کا امن دوبارہ خراب ہو۔ اگر ہمارے کارکنان کے خلاف کاروائیاں بند نہ کی گئیں تو شدید احتجاج کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتقامی کارروائیوں کی تمام حدیں پار کر چکی ہے۔ پولیس پیپلز پارٹی کے کہنے پر پی ٹی آئی کارکنان اور رہنماؤں کے خلاف غنڈہ گردی کررہی ہے۔ رات کے اوقات میں چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے۔پاکستان تحریک انصاف اس پولیس گردی کی شدید مذمت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اپنے سیاسی مخالفین پر جھوٹے کیسز کرنے میں ماہر ہے۔ سندھ حکومت باز آجائے، ورکرز کو سڑکوں پر لانے کے لیے مجبور نہ کیا جائے۔ خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی غریبوں کو اٹھانے اور پریشان کرنے میں خاصی شہرت رکھتی ہے۔ پولیس کے ذریعے سندھ حکومت نے بہت کچھ غلط کیا ہے۔ ہم عوام کو بتانا چاہتے ہیں کہ سندھ حکومت پولیس کو استعمال کرتے ہوئے اختیارات کا ناجائز استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کے وزرا بھی نالائق ہیں۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی کے سینئر نائب صدر محمود مولوی، رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر عمران علی شاہ اور دیگر موجود تھے۔