لاڑکانہ، روپوش و مطلوب 7 ملزمان گرفتار، اسلحہ اور منشیات برآمد

113

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے قتل اور اغوا جیسے سنگین نوعیت کے مقدمات میں اشتہاری، روپوش و مطلوب 7 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، منشیات اور نقدی برآمد کرلی۔ ولید پولیس نے سنگین مقدمات میں مطلوب ملزم جبار کلہوڑو کو ریوالور اور گولیوں سمیت، منشیات فروش پریل کو منشیات سمیت، بقاپور پولیس نے قتل جیسے سنگین نوعیت کے مقدمات میں اشتہاری ملزمان دیدار مہر اور رحیم بخش چنو کو، نوڈیرو پولیس نے قتل کے مقدمے میں روپوش ملزم اختیار شیخ کو، سول لائنز پولیس نے روپوش ملزم سعید کھوکھر کو اور کنگا پولیس نے اغوا کے مقدمے میں مطلوب ملزم زاہد شر کو گرفتار کرلیا۔ دوسری جانب انچارج انکوائری سیل نے لین دین معاملے پر شفاف انکوائری کرتے ہوئے طفیل احمد شیخ سے عبدالرحمن شیخ کو گیارہ لاکھ کا چیک دلوا کر مسئلہ حل کرا دیا۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب نے لاڑکانہ شہر کے تھانہ دڑی کے حدود میں سود خوروں سے تنگ آکر خودکشی کرنے والے 40 سالہ عبدالستار بھٹی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کو واقعے کی تفتیش کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب ڈی آئی جی نے ضلع شکارپور تھانہ خانپور کی پولیس کی جانب سے ایک عورت کی جیب کترنے کے الزام میں جیکب آباد کے رہائشی 14 سالہ لڑکا مشتاق کٹوہر اور اس کی دو کمسن بہنوں کو حراست میں لے کر تھانے کے کوارٹر میں رکھنے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی شکارپور کو تفتیشی کرکے رپورٹ پیش کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔