پی ایس ایل کا میلہ سجنے میں 3 روز باتی ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع

308

کراچی (سید وزیر علی قادری ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل)کے چھٹے ایڈیشن کے لیے ٹکٹوں کی آن لائن فروخت شروع ہوگئی۔ پی ایس ایل کے آغاز میں صرف3 روز باقی رہ گئے ہیں اور کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کو میچز کے لیے تیار کر لیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کورونا وائرس کے باعث 20 فیصد تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں میچز دیکھنے کی اجازت دی ہے، نیشنل اسٹیڈیم میں 34ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے لیکن کورونا کی وجہ سے صرف تقریبا7 ہزار افراد کو اجازت دی گئی ہے۔ شائقین ای ٹکٹنگ کی ویب سائٹ پر تیزی سے ٹکٹوں کی بکنگ کروا رہے ہیں اور تمام ٹکٹس کی آن لائن فروخت شروع ہو گئی ہے لیکن جن لوگوں کو انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں ہے وہ ٹیلی فون پر بھی بکنگ کروا سکتے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ کے دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلوں کا آغاز ہفتے سے نیشنل اسٹیڈیم میں ہو گا۔ دریں اثنا جنوبی افریقی کرکٹر کولن انگرام نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کی دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کا دوبارہ حصہ بننے پر بے حد خوش ہوں۔ ہرشل گبز کی کوچنگ میں کراچی کنگز مختلف ٹیم نظر آئے گی’ شائقین کی موجودگی میں میچ کھیلنے کا مزہ آئے گا۔ بدھ کے روزانٹرویو میں کولن انگرام نے کہاکہ کراچی سے مجھے کافی محبت ملی’ امید ہے کہ نئے سیزن میں اچھی اننگز کھیل کر شائقین کرکٹ کا دل خوش کرسکوں گا۔ کراچی کنگز کا حصہ بننے پر کافی خوش ہوں، اور جلد ہی نئے کھلاڑیوں کے ساتھ ہم آہنگ ہو جائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے گزشتہ ایڈیشن کی ٹرافی جیت کر کراچی کنگز ایک بڑا برانڈ بن چکا ہے’ پی ایس ایل کا چھٹا ایڈیشن بھی ہمارے لئے زبردست ثابت ہوگا۔ انگرام نے کہا کہ میں نے اپنے والد کو کھیلتے دیکھ کر کرکٹ شروع کی والد کی غیر موجودگی میں والدہ مجھے پریکٹس کراتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہیڈ کوچ ہرشل گبز کی کرکٹ کی سوچ اور سوجھ بوجھ کراچی کنگز کو ایک مختلف ٹیم بنادے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کنگز کی جانب سے سنچری بنانا یادگار لمحہ تھا۔ شائقین کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ شائقین کا ا سٹیڈیم آنا بھی اہمیت کا حامل ہے۔ شائقین کرکٹ کورونا ایس او پیز کا خیال رکھیں شائقین کی موجودگی میں میچ کھیلنے کا مزہ آئے گا۔