اسلام آباد (خبر ایجنسیاں)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ عدالت عظمیٰ، الیکشن کمیشن اور حکومت کو آئین میں ترمیم کا حق نہیں بلکہ صرف پارلیمنٹ کو یہ حق حاصل ہے‘ ہم چور دروازے سے آئین میں ترمیم نہیں ہونے دیںگے‘ الیکشن کمیشن نے سینیٹ الیکشن کو متنازع بنا دیا ہے۔ اسلام آباد سے پی ڈی ایم کے متفقہ امیدوار یوسف رضا گیلانی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کو پہلے ہی متنازع بنا دیا ہے‘ پی ڈی ایم اس بات پر متفق ہے کہ آئین میں ترمیم کا حق صرف پارلیمنٹ کو ہے‘ نہ عدالت عظمیٰ، نہ الیکشن کمیشن اور نہ حکومت کو یہ حق حاصل ہے‘ چور دروازے سے آئین میں ترمیم کی مکمل مخالفت کرتے ہیں‘ ایسی کوشش بڑی زیادتی ہوگی جس کی پی ڈی ایم مخالفت کرے گی۔ اس مو قع پر یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمارے 4 رہنما جیلوں میں ہیں‘ مطالبہ کرتا ہوں کہ جیلوں میں موجود اراکین کو ووٹ ڈالنے کا حق دیا جائے‘ سینیٹ الیکشن میں عدلیہ کا سہارا لیا جا رہاہے ‘ شفافیت ہونی چاہیے لیکن پارلیمنٹ کا اختیار کوئی ادارہ نہیں لے سکتا‘ہمارے پاس مخالف امیدوارحفیظ شیخ کی نااہلی کا کافی مواد ہے لیکن میں نے اپنے وکیل کو ان کے کاغذات نامزدگی چیلنج کرنے سے روک دیا۔ راجا پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کے امیدوار بننے کے بعد حکومت کے پسینے چھوٹ گئے ہیں۔