سکھر، پی ٹی آئی کارکنان کی سیف اللہ ابڑو کو ٹکٹ دینے کی مخالفت

358

سکھر (نمائندہ جسارت) سندھ سے سیف اللہ ابڑوکو سینیٹ کا ٹکٹ دینے پر اندرون سندھ پی ٹی آئی میں اختلافات، سکھر میں پی ٹی آئی اور یوتھ ونگ کے عہدیداروں نے سیف اللہ ابڑو کو ٹکٹ دینے کی مخالفت کردی، ان کا کہنا ہے کہ اگر قیادت نے فیصلے پر نظرثانی نہ کی تو اپنا لائحہ عمل تیار کریں گے۔ رہنماؤں نے پریس کانفرنس کے دوران سیف اللہ ابڑو پر الزامات کی بوچھاڑ بھی کردی۔ سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی یوتھ ونگ نادرن سندھ کے صدر عبدالعزیز ابڑو، پی ٹی آئی سکھر کے ضلعی صدر منور چوہان، کاشف قاضی و دیگر رہنماؤں نے کہا کہ پارٹی کی جانب سے سندھ سے سینئر کارکنوں اور رہنماؤں کو نظر انداز کرکے ایک جونیئر کارکن سیف اللہ ابڑو کو سینیٹ کا ٹکٹ دیاگیا ہے۔ سیف اللہ ابڑو نیب زدہ اور پارٹی قیادت سے قریبی تعلق رکھنے والا شخص ہے، اس کو پارٹی کا ٹکٹ دینے پر کارکنوں کے شدید تحفظات ہیں، ایسے لوگ پارٹی کی نمائندگی نہیں کرسکتے جو پہلے نیب زدہ ہوں۔ سیف اللہ ابڑو 2018ء میں پارٹی میں شامل ہوئے، جبکہ ہمارے کئی رہنما برسوں سے پارٹی کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پارٹی قیادت نے اپنے فیصلے پر نظر ثانی نہیں کی تو آئندہ کا لائحہ عمل تیار کریں گے۔