تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران نے کہا ہے کہ اگر جوہری معاہدے میں شامل دیگر فریق وعدوں کی پاسداری نہیں کریں گے تو وہ عالمی جوہری جوہری نگراں ادارے کی جانب سے اچانک معاینوں کو روک دے گا۔ ترجمان وزارتِ خارجہ سعید خطیب زادے نے کہا ہے کہ معاہدے کے دیگر فریق 21 فروری تک اپنے وعدے پورے کریں، ورنہ حکومت مجبور ہو گی کہ وہ اضافی پروٹوکول کے رضاکارانہ نفاذ کو روک دے۔ انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی کے لیے ایران کے سفیر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ ایران نے آیندہ ہفتے سے نافذ العمل اپنے منصوبے کے بارے میں ادارے کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ جوہری معاہدے کے تحت ادارے کو دیے گئے بہت سے اختیارات ختم کر رہا ہے۔ گزشتہ برس کی گئی قانون سازی کے تحت معاہدے کی پاسداری نہ ہونے پر عالمی معاینے صرف ایران کے اعلان کردہ جوہری مقامات تک محدود ہو جائیں گے اور ایسے اختیارات ختم کردیے جائیں گے، جن کے تحت نگراں ادارہ مختصر نوٹس پر کسی بھی مقام سے معلومات اکٹھی کرنے کے لیے اس تک رسائی حاصل کرسکتا تھا۔