شام میں اسرائیلی بمباری 9 ایرانی جنگجو ہلاک

249

دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) شام کے دارالحکومت دمشق میں مختلف اہداف پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملوں میں ایرانی ملیشیا کے 9 جنگجو ہلاک ہوگئے۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق نے پیر کے روز بتایا کہ اسرائیلی فضائیہ نے دمشق کے گردونواح میں اسلحہ اور میزائلوں کے گوداموں کو نشانہ بنایا ہے۔ شامی مبصر نے ان حملوں میں ایران نواز ملیشیا کے9 جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ شامی مبصر کے مطابق مرنے والے تمام جنگجو غیرعرب اور حکومت نواز تھے۔ اسدی فضائی دفاعی نظام نے اسرائیلی فوج کے کئی میزائلوں کو ناکارہ بھی بنایا، لیکن بہت سے میزائل اپنے اہداف پر گرے، جس سے مالی نقصان بھی ہوا ہے۔ اسرائیلی فوج کے میزائل حملے اتوار اور پیر کی درمیانی شب شروع ہوئے اور میزائل باری کا سلسلہ آدھا گھنٹہ جاری رہا۔ اسدی ذرائع ابلاغ نے بھی ان میزائل حملوں کی اطلاع دی ہے، لیکن کہا ہے کہ اسدی فوج کے فضائی دفاعی نظام نے بیشترمیزائلوں کو روک کر تباہ کر دیا۔ تاہم اسرائیلی فوج کی ایک ترجمان نے کہا ہے کہ ہم اس طرح کی رپورٹس پر کوئی تبصرہ نہیں کرتے ہیں۔ شام میں 2011ء میں خانہ جنگی کے آغاز کے بعد سے اسرائیلی فوج نے سیکڑوں فضائی حملے کیے ہیں۔ ان میں اسدی فوج، ایران نواز ملیشیاؤں اور لبنانی حزب اللہ کے جنگجوؤں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایران اور حزب اللہ بشارالاسد کی حکومت کی حمایت میں مسلح شامی اپوزیشن سے لڑ رہے ہیں۔ وہ ایک عشرے سے جاری لڑائی میں بشارالاسد کی مالی، اخلاقی اور عسکری حمایت کررہے ہیں۔