پاکستان کی کامیابی ٹیم ورک اور مشترکہ محنت کا ثمر ہے، احسان مانی

477

لاہور (نمائندہ خصوصی)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ پہلی اننگز میں 24 رنز کے عوض 4 وکٹیں گنوانے کے باوجود پاکستان نے کراچی ٹیسٹ میں 7 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔ راولپنڈی میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے دوسری اننگز میں آخری دس اوورز میں جنوبی افریقا کی 7 وکٹیں محض 33 رنز پر گرا کر کامیابی حاصل کی تھی۔پاکستان کی یہ جنوبی افریقا کے خلاف 18 سال بعد ٹیسٹ سیریز میں پہلی فتح تھی۔سیریز میں کلین سوئپ کی بدولت پاکستان نے عالمی ٹیسٹ رینکنگ میں 2 درجے ترقی پائی تھی۔ٹی ٹوئنٹی سیریز میں وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کی شاندار کارکردگی کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقا کو 1-2 سے شکست دی۔ سیریز میں کامیابی کی بدولت پاکستان نے عالمی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں چوتھی پوزیشن برقرار رہتے ہوئے اپنے ریٹنگ پوائنٹس مزید بہتر کرلیے ہیں۔ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی دراصل بابر اعظم کی ٹیسٹ کپتان کی حیثیت سے اپنے سفر کا کامیاب آغازبھی ہے۔ مصباح الحق کی بطور کپتان/ کوچ بھی یہ مسلسل بارہویں ہوم ٹیسٹ سیریز ہے، جہاں وہ ناقابل شکست رہے ہی۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ وہ جنوبی افریقا کے خلاف ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم میں شامل تمام کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں شکست کے باوجود جس طرح پاکستان کرکٹ ٹیم نے کم بیک کرتے ہوئے جنوبی افریقا کو ہوم سیریز میں شکست دی وہ یقیناََ ان کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔