عمران اسماعیل سے باکسر احمد مجتبیٰ کی گورنر ہائوس میں ملاقات

382

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل سے مارشل آرٹس چمپئن شپ میں کامیاب پاکستانی باکسر احمد مجتبیٰ نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ممبر صوبائی اسمبلی راجہ اظہر اور مارشل آرٹس ٹرینر محمد بلال بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے احمد مجتبیٰ کی کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان کھلاڑی نے بھارتی نژاد کو رنگ میں شکست دیکر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں صلاحیت کی کمی نہیں یہی وجہ ہے کہ نوجوان اپنی صلاحیتوں سے ملک کا نام روشن کرنے میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے نوجوانوں کیلیے کھیلوں کی سرگرمیوں کو مزید فروغ دینے کی یقین دہانی بھی کرائی۔