کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ تائیکوانڈو ایسویسی ایشن کے تحت گورنمنٹ ڈگری گرلز کالج اسپورٹس کمپلیکس گلستان جوہر میں چار روزہ مقابلے ہوئے۔ ایونٹ میں کراچی، حیدرآباد ، سکھر میرپور خاص، لاہور، ملتان، پشاور کوہاٹ، کوئٹہ سے 400کھلاڑیوں نے حصہ لیا ۔تائیکوانڈو ایتھلیٹ نے اپنی صلاحیتوں کے خوب جوہر دکھائے۔ کھلاڑیوں نے چمپئن شپ کو شاندار قرار دیا۔کوئٹہ کے کھلاڑیوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 161 پوائنٹس بناکر کراچی اوپن چمپیئن شپ جیت لی ۔ خیبر پختون خوا نے 128 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن حاصل کی۔ خواتین سینئر کیٹگری میں کراچی ٹائیگر کی ایتھلیٹ بازی لے گئیں۔ کراچی ٹائیگرز کی لڑکیوں نے154 پوائنٹس بنائے۔کراچی چمپیئنز کی ٹیم 120 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور ملتان کی ٹیم 92 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی۔سینئر مینز میں کراچی کے علی حیدر اور سینیئر وومینز میں امبرین شفیق کو بہترین فائٹر کا ایوارڈ دیا گیا ۔ڈسٹرکٹ ویسٹ کی ٹیم نے 104 پوائنٹس کے ساتھ کیڈٹ چمپیئن شپ اپنے نام کی۔ 88 پوائنٹس کے ساتھ ڈسٹرکٹ سینٹرل کی ٹیم دوسرے نمبر پر رہی ۔ جونیئرز میں ڈسٹرکٹ سینٹرل کے کھلاڑی چھائے رہے انہوں نے 110 پوائنٹس کے ساتھ ٹائٹل اپنے نام کیا ۔