افغان مسئلے پر پاکستان اور ایران متفقہ مؤقف اختیار کریں، سراج الحق

791
اسلام آباد: ایرانی سفیر وفد کے ہمراہ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق سے ملاقات کررہے ہیں

اسلام آباد (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکا نہ نکلا تو پاکستان اور ایران ، دونوں کے لیے خطرات ہوں گے۔ افغانستان کا مسئلہ حل طلب ہے اور اس کے حل کے لیے پاکستان اور ایران کو متفقہ موقف اختیار کرنا چاہیے ۔ ایران کے ساتھ ہمارے نظریاتی اور فکری تعلقات ہیں ۔سینیٹر سراج الحق سے ایرانی سفیر سید محمد علی الحسینی نے اسلام آباد میں میاں محمد اسلم کی رہائش گاہ پر ملاقات کی ۔ ملاقات میں علاقائی صورتحال پر دو طرفہ موقف سے آگاہی حاصل کی گئی۔ایرانی سفیر نے ایرانی عوام اور حکومت کی نیک خواہشات اور احساسات امیر جماعت کی خدمت میں پیش کیے۔جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم ، نائب امیر میاں محمد اسلم اور ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی بھی ملاقات میں شریک تھے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ افغانستان سے امریکا نہ نکلا تو پاکستان اور ایران ، دونوں کے لیے خطرات ہوں گے۔ افغانستان کا مسئلہ حل طلب ہے اور اس کے حل کے لیے پاکستان اور ایران کو متفقہ موقف اختیار کرنا چاہیے ۔ ایران کے ساتھ ہمارے نظریاتی اور فکری تعلقات ہیں ۔ حرمت رسول ؐ پر پاکستان ایران اور ترکی نے ردعمل ظاہر کیا ہے لیکن اس موضوع پر زیادہ شدت کے ساتھ بین الاقوامی فورمز پر موقف اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ امریکا مشرق وسطیٰ میں مسلمان ممالک کو آپس میں لڑانا چاہتاہے تاکہ امریکا کا اسلحہ زیادہ سے زیادہ فروخت ہو ۔ مسلمان ممالک کو جنگ ترک کرکے مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے چاہئیں تاکہ جو وسائل جنگوں میں خرچ ہوتے ہیں ، وہ تعلیم ، صحت اور عوام کی بہبود پر خرچ ہوں ۔ ہم کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے آواز اٹھانے پر ایرانی حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ ایرانی سفیر نے اسرائیل کے خلاف مضبوط موقف اختیار کرنے پر جماعت اسلامی کو خراج تحسین پیش کیا ۔ انہوںنے کہاکہ امریکا اور اسرائیل کی سازشوں کے باوجود ایرانی عوام اسلامی انقلاب کی بیالیسویں سالگرہ منارہے ہیں ۔ایرانی سفیر نے کہاکہ ایران اور پاکستان میں بہت سی مشترکات ہیں اور سب سے بڑی قدر مشترک ہمارا دین ہے ۔ جماعت اسلامی کی روشن فکر اور اعتدال امت مسلمہ کے لیے امید کی ایک کرن ہے ۔ ہم ایران اور سعودی عرب کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ چاہتے ہیں اور اس سلسلے میں پاکستان کی ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کرتے ہیں ۔سینیٹر سراج الحق نے ملاقات کے لیے آنے پر ایرانی سفیر کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ امت مسلمہ کو فروعی اختلافات سے بالاتر ہو کر تفرقہ بازی کا خاتمہ کرنا چاہیے ۔ ہمارے درمیان توحید ، رسالت ؐ ، بیت اللہ ، اور القدس جیسی بڑی مشترکات ہیں ہمیں مشترکہ اقدار کی بنیاد پر متحد ہونا چاہیے ۔ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے ایرانی سفیر نے کہاکہ کشمیرہمارے لیے زندگی اور موت کا مسئلہ ہے ۔