بھارت بحرہند کو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس کررہا ہے، شاہ محمود قریشی

375

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت بحر ہند کو ایٹمی ہتھیاروں سے لیس کر رہا ہے اور جارحانہ عزائم کے تحت ہتھیاروں کے جدید نظام اور بحری تنصیبات کی منتقلی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔کراچی میں سہ روزہ عالمی میری ٹائم کانفرنس کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہپاکستان اپنی سلامتی اور قابل اعتماد کم سے کم دفاعی صلاحیت برقرار رکھنے کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا‘انتہا پسند ہندوتوا سوچ کے زیر اثر بھارت کے جنگی جنون اور جارحانہ پالیسیوںسے عالمی وعلاقائی امن وسلامتی کے لیے فوری اور دائمی خطرات لاحق ہوگئے ہیں‘ جنوبی ایشیا میں کسی قسم کا فوجی تنازع خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر دے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلیو اکانومی کو علاقائی معاشی ترقی کا محور و مرکز بنانے کی ضرورت ہے‘ عالمی بلیو اکانومی 24 ٹریلین امریکی ڈالر سے زیادہ کی صلاحیت کی حامل ہے۔وزیر خارجہ نے ملک میں میری ٹائم آگہی کے فروغ، بحری اقتصادیات کی ترقی کے لیے اْٹھائے جالے والے پاک بحریہ کے اقدامات کی تعریف کی۔ قبل ازیں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اختتامی خطاب کے دوران علاقائی یکجہتی، وسیع پیمانے پر ترقی اور عالمی اشتراک کے لیے بحرِ ہند کے مغربی خطے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔