نوابشاہ، جام صاحب میں چوری، ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ

121

نوابشاہ (سٹی رپورٹر) نوابشاہ اور نواحی علاقے جام صاحب میں چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ عوام پولیس کیخلاف پھٹ پڑی، شہریوں کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے میں ضلعی پولیس ناکام ہوگئی ہے وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ نوابشاہ میں صرافہ بازار میں چور ہاتھ کی صفائی کر گئے جبکہ مریم روڈ منواباد اور دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ جام صاحب میں پی ٹی آئی صدر کی دوکان میں نقب زنی، چور نقدی اور لاکھوں روپے کا سامان چوری کر کے فرار، بے امنی سے شہری شدید اذیت کا شکار ہیں۔ ایس ایس پی نوابشاہ سے فوری کارروائی کا مطالبہ۔ جام صاحب پولیس اسٹیشن سے ملحقہ شاہ پور چاکر چوک کے مقام پر جمعے کی شب پی ٹی آئی جام صاحب کے صدر اور شہری تنظیم کے رہنما غلام مصطفی ملک کی دکان کو نقب لگا کر دو لاکھ کی نقدی، سگریٹ اور چائے کے کارٹن، دو اسمارٹ فون اور دیگر قیمتی سامان چوری کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ اس موقع پر مصطفی ملک نے میڈیا کو بتایا کہ ان کی دکان میں چوری سوچی سمجھی سازش کے تحت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی دکان سے چوری شدہ سامان کی مالیت لاکھوں میں ہے لیکن انتظامیہ تاحال کسی بھی قسم کی پیشرفت نہیں کرپائی ہے۔ دوسری جانب شہر اور ملحقہ علاقوں میں بڑھتی ہوئی بے امنی سے شہری شدید اذیت میں مبتلا ہو کر رہ گئے ہیں۔ شہریوں نے ایس ایس پی نوابشاہ تنویر حسین تنیو سے فوری کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے چوروں کو فوری طور پر گرفتار کرنے کی اپیل کی ہے۔