سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں اینٹی نارکوٹکس فورس کی کارروائی، شکارپور روڈ پر مشکوک ٹرک کو روک کر تلاشی میںٹرک میں چھپائی گئی کروڑوں روپے مالیت کی چرس اور افیون برآمدکر کے منشیات کے بین الصوبائی اسمگلرگروہ کے دو ملزمان گرفتار کر لیے گئے، اے این ایف حکام کے مطابق تلاشی کے دوران 323 کلو گرام چرس اور 6 کلو افیون برآمد کی گئی، گرفتار ملزمان کا تعلق منشیات کے بین الصوبائی اسمگلنگ کرنے والے گروہ سے ہے۔ علاوہ ازیں اے این ایف حکام کی کراچی میں بھی کامیاب کارروائی میں نجی کوریئر کمپنی کے دفتر پر چھاپا مارکر 850 کلو گرام آئس برآمد کرلی گئی، آئس فروٹ باکس میں ڈال کر چھپائی گئی تھی، اے این ایف حکام کے مطابق فروٹ باسکٹ کے پارسل آسٹریلیا کے لیے بک کرائے گئے تھے۔ روہڑی کے نزدیک منڈو ڈیرو ریلوے اسٹیشن پر مال گاڑی کی بوگی پٹری سے اتر گئی، ریلوے ذرائع کے مطابق کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، بوگی گرنے سے اپ لائن پر گاڑیوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی، بوگی کو دوبارہ پٹری پر چڑھانے کے لیے ریسکیو ٹیم اور کرین طلب کرلی گئی۔ سکھر ضلع کے تھانہ کڈھیری کی حدود جادل جی لانڈھی بچاؤ بند کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ، مختلف سنگین نوعیت کے مقدمات اور وارداتوں میں مطلوب خطرناک ڈاکو محمد علی برڑو ہلاک ہوگیا، کلاشنکوف برآمد، 3 ساتھی فرار، علاقے میں پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی گئی۔ ایس ایس پی عرفان سموں کے مطابق ڈاکو واردات کی نیت سے سکھر ملتان موٹر وے کے قریب موجود تھے کہ پولیس ٹیم گشت کرتی موٹر وے کے قریب پہنچی تو ڈاکووں نے فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا، دیگر ڈاکو فائرنگ کرتے ہوئے فرار، ہلاک ڈاکو ڈکیتی، چوری، ہاؤس رابری، پولیس مقابلوں و دیگر سنگین وارداتوں اور مقدمات میں سکھر، جیکب آباد، شکارپور، نوابشاہ، گھوٹکی، کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں انتہائی مطلوب تھا۔ سکھر کے تھانہ آباد کی حدود میں جرائم، چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ، نامعلوم چور صحافی کے گھر پر کھڑی لال رنگ کی موٹر سائیکل ہنڈا سی ڈی 70 رجسٹریشن نمبر ایس کے ایم 2734 چوری کر کے فرار ہوگئے، ابتدائی رپورٹ تھانہ آباد میں درج کروائی گئی۔ دوسری جانب جہانگیر بیس سکھر اور 15 مددگار کو بھی چوری کی اطلاع کردی گئی۔