فوج کو گالی دینے والوں کی زبان کھینچ لینی چاہیے، شیخ رشید

109

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان بنانے کی مخالف جماعتیں آج ملک میں انتشار پھیلا کر اسے عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتی ہیں جو لوگ فوج کو گالی دیتے ہیں ان کی زبان گدی سے کھینچ لینی چاہیے، مولانا فضل الرحمن کو حلوہ کھلانے کی پیشکش واپس لیتا ہوں۔ اتوار کو اسلام آباد کے نواح میں پارک کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہنے مولانا فضل الرحمن کو کہا تھا کہ آئیں میں آپ کو حلوہ کھلاؤں گا لیکن اب میں اپنی بات واپس لیتا ہوں کیونکہ موسم بدل گیا ہے،پی ڈی ایم کو یہاں سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگر آپ قانون کے دائرے میں یہاں لانگ مارچ میں آئے تو آپ کے لیے کوئی مسئلہ نہیں ہو گا، آپ 10مرتبہ آئیں کیونکہ آپ نے واپس جانا ہے۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول کو میری بات سمجھ آ گئی ہے اور بالآخر پی ڈی ایم نے پیپلز پارٹی کی بات ہی ماننی ہے۔ پی ڈی ایم کے نام پیغام میں کہا کہ اگر آپ قانون کے دائرے سے باہر نکلیں گے تو پھر اسلام آباد، اسلام آباد ہو گا۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ والے جس اسمبلی کو گالی دیتے ہیں اسی سے ووٹ مانگے جا رہے ہیں۔ پی ڈی ایم نے قانون ہاتھ میں لیا تو قدم قدم پر رکاوٹ ملے گی، قانون کے دائرے میں نہ رہے توشیخ رشید آگے ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ بلاول زرداری میرے دل کے قریب ہیں اور میرے دل کی بات سمجھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ووٹ چاہے اوپن ہو یا سیکرٹ لیکن بکنے والا ووٹ میونسپل کارپوریشن میں بھی بکتا تھا، ہم بھی بہت سارے لوگوں کو مکہ مدینہ لے کر گئے اور بعد میں آ کر انہوں نے ووٹ پھر کسی دوسرے کو دیا۔109 ملکوں کے سفارتخانوں میں جن لوگوں کی 3 سال سے زاید مدت گزر چکی ہے اور جن سے اوورسیز پاکستانی بہت ناخوش ہیں اور ان کی کرپشن کی داستانیں ہیں، میں ایسے تمام لوگوں کو فی الفور بلانے کا اعلان کرتا ہوں۔ ایک مہینے میں جو پاکستان میں واپس رپورٹ نہیں کرے گا اس کو نوکری سے نکال دیں گے، جو شخص بیرون ملک شہریت لے چکا ہو گا وہ یہاں نوکری سے ہاتھ دھو بیٹھے گا۔ انہوں نے کہا کہ میں ہر مہینے میں ایک باغ کا افتتاح کروں گا۔