لاڑکانہ، قتل میں ملوث مجرم لاک اپ میں چل بسا

85

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) تھانہ حیدری پولیس کی جانب سے تین روز قبل 8 سالہ بچے غلام مصطفی کھاوڑ کو مبینہ طور پر اغوا کرنے کی کوشش پر گرفتار ملزم منیر سولنگی پولیس لاک اپ میں فوت ہوگیا جبکہ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او حیدری سجاد بھٹی کو معطل کرکے سرتاج جاگیرانی کو ایس ایچ او حیدری تعینات کرکے واقعے کی تحقیقات کے لیے ایس پی ہیڈ کوارٹر محمد کلیم ملک کو انکوائری افسر مقرر کردیا۔ دوسری جانب لاک اپ میں فوت ہونے والے ملزم کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے چانڈکا اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق فوت ہونے والے ملزم کے جسم پر تشدد اور کسی چوٹ کے کوئی نشانات نہیں، ملزم نشے کا عادی تھا، تین روز قبل گرفتاری کے بعد اس کے کسی گھر والے یا رشتہ دار نے ان سے ملاقات نہیں کی، واقعے کے بعد جب ملزم کے گھر گئے تو ان کے گھر کو تالے لگے ہوئے تھے، پولیس کا مزید کہنا تھا کہ مزید واقعے کی تفتیش جاری ہے، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اصل حقائق سامنے آسکیں گے۔