لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں جامعہ بے نظیر بھٹو لاڑکانہ کے سینیٹ و سینڈیکٹ کی خالی نشستوں پر الیکشن کمشنر پروفیسر ریاض شیخ کی نگرانی میں انتخابات کا انعقاد کیا گیا جس میں لاڑکانہ چانڈکا میڈیکل کالج اور غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر میں 20 الگ الگ پولنگ اسٹیشنزقائم کیے گئے جبکہ پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہا، جاری کردہ نتائج کے مطابق سینڈیکٹ میں پروفیسر کی نشست پر 52 ووٹ کاسٹ کیے گئے اور ایک ووٹ مسترد ہوا جس میں ڈاکٹر حاکم ابڑو نے 27 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جبکہ ان کے مقابلے میں غلام محمد مہر میڈیکل کالج سکھر کے پروفیسر رفیق میمن 20 ووٹ حاصل کرسکے، اسی طرح سینڈیکیٹ میں ایسوسی ایٹ پروفیسر کی نشست پر ڈاکٹر اظہار شاہ اور ڈاکٹر شاہد میرانی نے 22، 22 ووٹ حاصل کرکے برابر پوزیشن میں آئے، قواعد و ضوابط کے مطابق وائس چانسلر کی نگرانی میں قرعہ اندازی کے بعد کامیاب ہونے والے امیدوار کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ دوسری جانب اسسٹنٹ پروفیسر کی نشست پر غلام محمد میڈیکل کالج سکھر کے ڈاکٹر بشیر احمد چانڈیو نے 43 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی جن کے مقابلے میں چانڈکا میڈیکل کالج کے ڈاکٹر میر حسن کھوسو نے 42 ووٹ حاصل کیے۔تیسرے امیدوار ڈاکٹر امداد ڈومکی نے فقط 10 ووٹ حاصل کیے، اسی طرح سینڈیکیٹ کے اسسٹنٹ پروفیسر کی نشست پر ڈاکٹر عبدالستار ابڑو کامیاب قرار پائے۔