لاہور (سید وزیر علی قادری) پاکستان اور جنوبی افریقا کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کا پہلا معرکہ رضوان کی شاندار ناقابل شکست سنچری بدولت سر کرلیا،محمد رضوان تینوں فارمیٹ میں سنچری اسکور کرنے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے،جنوبی افریقا کو ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ مہنگا پڑ گیا۔پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے محمد رضوان کی شاندار سنچری کی بدولت 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں جنوبی افریقی ٹیم 166 رنز بنا سکی۔170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کے اوپنرز نے مستحکم آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 53 رنز بنائے۔ مہمان ٹیم کے پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی جانیمن ملان تھے جنہیں 44 رنز کے انفرادی اسکور پر عثمان قادر نے بولڈ کردیا۔ اس کے بعد پروٹیز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں تاہم ریزا ہینڈرکس وکٹ پر جمے رہے، انہوں نے 54 رنز بنائے اور محمد رضوان کی زبردست کیپنگ کی بدولت رن آؤٹ ہوگئے۔ پاکستان کی جانب سے حارث رؤف اور عثمان قادر نے 2،2 جبکہ فہیم اشرف نے ایک وکٹ حاصل کی۔ قبل ازیںپاکستانی اننگز کاآغاز محمد رضوان اور بابراعظم نے کیا تاہم صرف ایک رن پر بابراعظم رن آؤٹ ہوگئے جسکے بعد محمد رضوان نے ٹیم کو سنبھالا اور جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 7 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 104 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جس کی بدولت قومی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔ بہترین بلے بازی پر پاکستان کے محمد رضوان کو مین آف دی میچ کا اعزاز دیا گیا۔ سیریز کا دوسرا میچ ہفتے اور تیسرا اور آخری میچ اتوار کو لاہور میں ہی کھیلا جائے گا۔