ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) جھمیر کے قریب کوئلے کی کان منہدم ہونے سے دب کر 4 مزدور جاں بحق، ایک زخمی ہوگیا ہے۔ جھمپیر کے قریب میٹنگ ریلوے اسٹیشن کے مقام پر کوئلے کی کان دھماکے سے اچانک منہدم ہوگئی، جس میں کام کرنے والے سوات کے رہائشی دو مزدور محبوب علی پٹھان اور گل واحد پٹھان موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ تین مزدور فقیر گل اور دائود پٹھان، منیر پٹھان کو زخمی حالت میں باہر نکالا گیا، جن کو علاج کے لیے حیدرآباد روانہ کیا گیا، جہاں پر دائود اور فقیر پٹھان زخموں کی تاب نہ لاکر جاں بحق ہوگئے۔ جھمپیر پولیس کے تھانے کے ایس ایچ او مصری کھوسہ نے بتایا کہ کوئلے کی کان میں 12 مزدور کام کرتے تھے، دھماکے کے وقت صرف 4 مزدور کام کررہے تھے، دو مزدور موقع پر جاں بحق ہوئے، دو مزدوروں نے بے ہوشی کی حالت میں حیدرآباد کے اسپتال میں دم توڑا ہے۔ چاروں افراد کا تعلق سوات سے بتایا جاتا ہے۔ ذرائع کے مطابق جھمپیر اور گردونواح میں کوئلے کی کانیں غیرقانونی ہیں، جہاں پر مزدوروں کی حفاظتی سہولیات کے لیے کوئی انتظامات نہیں ہوتے۔