کراچی (اسٹاف رپورٹر)ملیر ایکسپریس وے، گجر نالہ اور ایم ایل ون منصوبے کے متاثرین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ بلاول کے اعلان کے مطابق متاثرین کو متبادل رہائش فراہم کی جائے، ہزاروں خاندان وعدوں کی تکمیل کے منتظر ہیں، ملیر ایکسپریس وے منصوبے سے کراچی کو تازہ سبزیاں اور پھل فراہم کرنے والے علاقے بھی متاثر ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر پائلر کرامت علی، شریک چیئرمین برائے انسانی حقوق پاکستان اسد اقبال بٹ، نمائندہ ملیر ایکسپریس وے حنیف دل مراد، عورت فائونڈیشن کی مہناز رحمان اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل ٹریننگ ریسورس سینٹر عارف حسن نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے اپنے مطالبات پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملیر ایکسپریس وے، گجر نالہ، منظور کالونی نالہ، کراچی سرکلر ریلوے اور ایم ایل ون کے حوالے سے مقامی افراد سے رابطہ کرکے عوامی سماعت کا بندوبست کیا جائے ہم سول سوسائٹی کے طور پر حکومتی اداروں کی معاونت کے لیے تیار ہیں، قانونی تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے تمام ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل متعلقہ مقام پر ہی ہونی چاہیے، سرکلر ریلوے متاثرین کے 1100 خاندانوں کو متبادل رہائش فراہم کی جائے، اسی طرح گجر نالہ، منظور کالونی نالہ اور ملیر ایکسپریس وے منصوبوں کے متاثرین کو بلاول زرداری کے اعلان کے مطابق بے گھر کرنے سے پہلے رہائش فراہم کرنے کا بندوبست کیا جائے۔