پی ٹی آئی دور میں مڈل کلاس بھی ختم ہوگئی‘8کروڑ افراد خط غربت سے نیچے چلے گئے‘ سراج الحق

219

لاہور ( نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک سیاسی، اقتصادی، معاشی اور اخلاقی تنزلی کا شکار ہے،پی ٹی آئی حکومت کے دور میں مڈل کلاس ختم ہو گئی۔ 8کروڑ لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں، گندا پانی، غربت، ڈیپریشن موجودہ نظام کے تحفے ہیں، مہنگائی، بے روزگاری سے تنگ عوام فاقوں اور خودکشی پر مجبور ہیں، کے پی کے میں افراتفری کاسماں ہے،کرپشن لوٹ مار کا بازار گرم ہے،جائز اور ناجائز کام کروانے کے لیے لوگ رشوت دینے پر مجبور، تمام ادارے ناکامی سے د وچار ہیں، حکمرانوں نے نوجوانوں کا مستقبل تاریک کردیا، تعلیمی نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ گیا، پرچے آئوٹ ہوتے ہیں، این ٹی ایس تماشا بن گیا، آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں، ملازمین کے مطالبات فی الفور پورے کیے جائیں، وزیراعظم بتائیں جب 2 افراد پر مشتمل ان کے گھر کا ماہانہ خرچہ 2 لاکھ میں نہیں چلتا تو بیس پچیس ہزار تنخواہ لینے والے چھوٹے ملازمین اپنے کنبے کا خرچ کیسے پورا کریں؟ حکومت مدارس کو بجٹ میں فنڈزدے، یونین کو نسل کی سطح پر کھیلوں کے گرائونڈ تعمیر کیے جائیں۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے مدرسہ تفہیم القرآن تیمر گرہ میں دستار بندی تقریب اور کھیلوں کے ٹورنامنٹ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر الگ الگ خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ پی ٹی آئی کے دور میں غریب غریب تر جبکہ مافیاز ، وڈیروں اور جاگیرداروں کی دولت میں کئی سو گنا اضافہ ہوا ۔ تنخواہ دار طبقے کی حالت سب سے زیادہ پتلی ہے ۔ ضروریات زندگی کے سامان کی قیمتوں اور تنخواہوں میں زمین آسمان کافرق ہے ۔ لوگ بد حال اور پریشان ہیں ۔ پی ٹی آئی نے آدھی سے زیادہ مدت اقتدار مکمل کر لی ہے مگر ابھی تک اس نے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا ۔ سرمایہ داراربوں روپے خرچ کر کے پارلیمنٹ میں بیٹھے ہیں اور ایک دوسرے کو تفنن طبع کے لیے گالیاں دے رہے ہیں جو پور ے ملک میں ٹی وی اسکرینوں پر مائوں ،بہنوں ، بیٹیوں اور بچوں کو سنائی دیتی ہیں ۔ حکمرانوں نے ملک میں اخلاقیات کا جنازہ نکال دیاہے ۔ امیر جماعت نے کہاکہ مغرب اور اس کے پیروکار مدارس کے خلاف منفی پروپیگنڈا کر رہے ہیں جبکہ ریاست مدینہ کے دعوے دار یوٹرنز کی سینچریاں بنا رہے ہیں ۔ ملک سودی معیشت میں بری طرح جکڑاہواہے ۔ لاکھوں غریب فٹ پاتھوں پر بھوکے سوتے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ جماعت اسلامی دینی مدارس کے خلاف سازشوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے ۔ ملک میں خاندانی نظام کے تحفظ کے لیے تحریک کا آغاز کر رہے ہیں ۔ سیکولرایجنڈے کے حامیوں کو منہ کی کھانا پڑے گی ۔ پاکستان میں مصائب و مشکلات کاحل اسلامی نظام کے قیام میں ہے ۔ عوام اشرافیہ کی حقیقت جان چکے ہیں۔ چند خاندانوں کے مفاد کے لیے پوری قوم قربانی کیوں دے ؟۔ جماعت اسلامی متبادل کے طور پر امید کی کرن ہے ۔ سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیاکہ پی ٹی آئی حکومت نوجوانوں سے کیے گئے وعدے پورے کرے ۔ ان کو روزگار فراہم کیا جائے ۔ یکساں نصاب تعلیم کا وعدہ فی الفور پورا کیا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کے بے روزگار و مایوس نوجوان حکمرانوں کا گریبان پکڑنے کے لیے تیار بیٹھے ہیں ۔ اب بیان بازی ، جھوٹی تسلیوں اور ٹال مٹول سے پڑھے لکھے نوجوانوں کو بہکاوا نہیں دیا جاسکتا ۔