اسلام آباد (آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں سینیٹر فیصل جاوید اور سینیٹر ذیشان خانزادہ نے کہا ہے کہ سینیٹر رضا ربانی نے میثاق جمہوریت کی دھجیاں اڑا دیں، اپوزیشن عوامی مفاد کی قانون سازی میں بھی کچھ لو، کچھ دو کی بات کرتی ہے۔ پیر کو عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے نظیر اور نواز شریف نے 2006ء میں میثاق جمہوریت پر دستخط کیے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ سینیٹ انتخابات اوپن بیلٹ سے کروانے کا قانون لایا جائے گا مگر آج سینیٹر رضا ربانی نے میثاق جمہوریت کی دھجیاں اڑا کر رکھ دیں۔ جے یو آئی نے بھی اوپن بیلٹ کی مخالفت کی ہے۔ قوم سے جو وعدہ انہوں نے کیا تھا، وہ عمران خان پورا کرنے جارہے ہیں مگر انہیں تکلیف ہے کیونکہ یہ ضمیروں کے سوداگر ہیں اور اس کے بغیر انتخابات جیت ہی نہیں سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں شفافیت لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے۔