محمدعلی سدہ پارہ سمیت کوہ پیمائوں کی تلاش جاری

833

اسلام آباد‘گلگت(صباح نیوز+اے پی پی ) کے ٹوسرکرنیوالے محمد علی سدپارہ سمیت لاپتا کوہ پیمائوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی ’’کے ٹو‘‘ پر لاپتا ہونے والے پاکستانی کوہ پیمامحمد علی سدہ پارہ اور ٹیم کے دیگر 2 کوہ پیمائوں کی تلاش کے لیے دوبارہ سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔ پاک آرمی ایوی ایشن کے2 ہیلی کاپٹر نے پھر 7000 سے زیادہ کی بلندی تک کوہ پیمائوں کی تلاش کا عمل شروع کردیا۔واضح رہے کہ محمد علی سدہ پارہ ، جان سنوری اور ژاں پابلو کا آخری مرتبہ بیس کیمپ سے رابطہ جمعہ کو ہوا تھا۔علاوہ ازیںچیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار خان آفریدی نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ علی سدپارہ آپ ہمارے ہیرو ہیں،پوری قوم آپ کی بحاظت واپسی کے لیے دعا گو ہے ۔ دوسری جانب اسپیکر گلگت بلتستان اسمبلی سید امجد علی نے کہا ہے کہ قومی ہیرو محمد علی سد پارہ اور ان کے ساتھ غیر ملکی کوہ پیماں کی سرمائی مہم جوئی کے دوران کے ٹو پرگم شدگی نے پوری دنیا سمیت قوم کو تشویش اور پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے،اس وقت پوری دنیا کی نظریں کے ٹو پر ہیں اور ہر کوئی قومی ہیرو محمد علی سدپارہ اور دیگر کوہ پیماں کی سلامتی کے لیے دعائیں مانگ رہا ہے،امید ہے جلد ریسکیو ٹیم کو کامیابی ملے گی، آرمی ہیلی کاپٹرز کے ذریعے تلاش کا عمل جاری ہے۔