لاہور (اے پی پی) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ بلاول زرداری نے خود کو مریم صفدر اور مولانافضل الرحمن کے نرغے سے نکال لیا ہے، مریم صفدرکی اقتدار والی کمیٹی اب کبھی نہیں نکلے گی، سینیٹ انتخابات میں بھی تحریک انصاف بڑی جماعت بن کرابھرے گی ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے خودکو غیراعلانیہ طور پر پی ڈی ایم سے الگ کرلیاہے اوراس کی قیادت کا اجلاسوںمیں شریک ہوناصرف رسمی کارروائی ہے۔ اگر مریم صفدر اور فضل الرحمن کی اپوزیشن اتحاد میں کوئی عزت اوروقار ہوتاتو انہیں کبھی بلاول زرداری کی پیروی نہ کرنا پڑتی ، فضل الرحمن اورمریم صفدر کی سیاست اب دوسروں کے مرہون منت ہے۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہاکہ مسلم لیگ ن نے سیاست کو کمائی کا ذریعہ بنایا ہوا تھالیکن اب ان کی مال کمانے کی تمام اسکیمیں ناکام ہونے جارہی ہیں جس کاانہیں شدید صدمہ پہنچا ہے۔ انہوںنے کہا کہ کئی دہائیوں بعد مولانافضل الرحمن کو بھی اپنی جیب سے اخراجات کرنا پڑرہے ہیں اس لیے اقتدار سے دوری برداشت نہیں ہو رہی۔