سکھر، ہاکی اسٹیڈیم میں 300 میٹر لمبے پرچم کی رونمائی

212

سکھر (نمائندہ جسارت) کشمیریوں سے یکجہتی، ہاکی اسٹیڈیم میں 300 میٹر لمبے پرچم کی رونمائی، ڈپٹی کمشنر سکھر کی مہمان خصوصی کی حیثیت میں شرکت، پیپلز ہاکی اسٹیڈیم سکھر میں وائس آف سکھر یوتھ کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے مناسبت سے کشمیریوں کی جدوجہد کو خراج پیش کرنے کے لیے 300میٹر لمبا قومی و کشمیر کا پرچم لہرانے کی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس کے مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور تھے۔ اس موقع پر سکھر کے نوجوانوں، طلبہ اساتذہ و دیگر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور معززین کے ہمراہ قومی پرچم لہرایا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سکھر رانا عدیل تصور نے کہا کہ تقریب کا مقصد کشمیریوں کی جدوجہد کو خراج پیش کرنا اور کشمیر میں ہونے والے مظالم کیخلاف آواز بلند کرنا اور عوام میں شعور اجاگر کرنا ہے، دنیا کو کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ ان کی جدوجہد میں شریک ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اس موقع پر وائس آف سکھر یوتھ کے چیئرمین فراز سومرو، پرنسپال ڈبل سیکشن اسکول مشتاق لنڈ اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کیا اور شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر بہتر کارکردگی کے حامل شخصیات کو شیلڈس پیش کی گئیں۔