لاہور:امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا کہ وزیراعظم عمران خان اعتراف کر چکے ہیں کہ وہ عوام کیلئے کچھ نہیں کر پائے،جماعت اسلامی سیاسی بریانی کا حصہ نہیں بنے گی۔
منصورہ لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق حکومت پر برس پڑے اور عمران خان کو نالائق وزیراعظم قرار دیدیا۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کے چار سو چھتیس افراد کے خلاف نیب، ایف آئی اے اس لئے ہاتھ نہیں ڈالتا کیونکہ یہ بااثر لوگ ہیں جبکہ حکومت گرانا آسان لیکن نظام کوتبدیل کرنا مشکل کام ہے۔
سراج الحق نے پی ڈی ایم اور حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اعتراف کر چکے ہیں کہ وہ عوام کیلئے کچھ نہیں کر پائے، پی ٹی آئی کے پاس تقریروں کے علاوہ کچھ نہیں، لوگ عمران خان کی تقریریں سن سن کر تھک گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اپنے دھرنوں اور لانگ مارچ کا مقصد قوم کو بتائے، وہ سیاسی بریانی کا حصہ نہیں بنیں گے، اگر پہلے لین دین پر سیاسی جماعتیں ایکشن لیتیں تو یہ کلچر ہمیشہ کیلئے ختم ہوجاتا۔