وزیراعظم کی خواہش ہے سینیٹ انتخابات میں خریدوفروخت نہ ہو، شیخ رشید

391

راولپنڈی: وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ امید ہے پی ڈی ایم لانگ مارچ اور عدم اعتماد سے آگے نہیں جائے گی جبکہ تحریک چلانے سے حکومتیں نہیں جاتی ہیں اور اس حوالے سے امید کرتا ہوں کہ اپوزیشن عقل کا مظاہرہ کرے گی۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے غصے میں کمی آچکی ہے اور تحریک سے حکومتیں نہیں جاتیں، ہم نے 126 روز دھرنا دیا لیکن حکومت نہیں گئی جبکہ امید ہے پی ڈی ایم لانگ مارچ اور عدم اعتماد سے آگے نہیں جائے گی اور جو بول رہے ہیں استعفے دیں گے، وہ اپنے فیصلے پر غور کریں، استعفوں سے کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، حکومت کے 3 سال ہوگئے ایک سال رہ گیا چوتھے سال انتخابی سرگرمیاں شروع ہوجاتی ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھاکہ سینیٹ الیکشن مارچ میں ہوں گے جن سے جمہوریت مزید مضبوط ہوگی، فضل الرحمان اگر سینیٹ الیکشن میں خود حصہ لیں گے تو انکے غصے میں کمی ہوجائے گی  جبکہ اوپن ووٹ پر پی پی اور مسلم لیگ دونوں نے میثاق جمہوریت میں دستخط کئے اب مکر گئے یہی وہ سینٹ ہے جس میں 64 ووٹ تھے تھوڑی دیر میں کم ہوگئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کی خواہش ہے سینیٹ انتخابات میں خریدوفروخت نہ ہو اور ممبرمیں جرات ہووہ سینہ تان کرووٹ دےسکے  جبکہ سینیٹ الیکشن میں اوپن ووٹنگ میں اپوزیشن کو حصہ لینا چاہیے  اور اپوزیشن سے توقع رکھتا ہوں عقل کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے جس نے الیکشن لڑنا ہوتاہے وہ مارکیٹ میں ہوتا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سیاست بند گلی میں داخل ہونے کا نام نہیں، سیاست میں مذاکرات ہی بہترین آپشن ہوتا ہے ، ہم اپوزیشن کو کوئی ٹف ٹائم نہیں دے رہے ، جو وہ کریں گے وہی ہم کریں گے، پیپلز پارٹی سے میرا کوئی رابطہ نہیں ، پی ڈی ایم آج یہ جو بھی فیصلہ کریں گے، کل لال حویلی کے باہر جواب دوں گا۔

وزیرداخلہ نے کہا بھارت کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے ، مودی کشمیر کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی ناکام کوشش کررہا ہے،  ہم نے کشمیرکوآزاد کرانا ہے۔